متحدہ عرب امارات میں عدالت نے ایک شہری کو فیس بک اور ٹوئٹر پر ریاستی اداروں کے متعلق غلط معلومات پھیلانے اور افواہیں اڑانے کے الزام میں تین سال قید اور بھاری جرمانے کی سزا سنا دی ہے۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی WAM کے مطابق عثمان حسین النجار کے والد کو عدالت نے الاصلاح سوسائٹی کارکن بننے کے جرم میں 10 سال قید کی
سزا دی تھی اور عثمان حسین اپنے والد کی سزا کے بارے میں سماجی رابطے کی ویب سائیٹوں پر رپورٹیں شائع کررہا تھا۔ عدالت کی طرف سے ان رپورٹوں کو غلط معلومات پر مبنی قرار دیا گیا، اور یہ بھی کہا گیا کہ ملزم غیر ملکی اداروں کو معلومات فراہم کر رہا تھا۔ عدالت کی طرف سے تین سال قید کے علاوہ 5 لاکھ درہم جرمانے کی سزا بھی سنائی گئی ہے۔